راولپنڈی،لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،صباح نیوز) آئی ایس پی آر نے یوم آزادی کو مقبوضہ کشمیر سے منسوب کرنے کا قومی لوگو جاری کردیا۔ کشمیر بنے گا پاکستان یوم آزادی لوگو کا مرکز ہے ، سرخ رنگ سے لکھا لوگو جدوجہد آزادی کی قربانیوں کو ظاہر کر رہا ہے ۔اس لوگو میں کشمیر کی آزادی کے لئے ہر حد تک جانے کے جذبے کو خون کے سرخ رنگ سے اجاگر کیا گیا ہے ۔ لوگو میں پاکستان کا جھنڈا کشمیر بنے گا پاکستان کا عزم لئے لہرا رہا ہے ، لوگو کے گرد سرخ رنگ کی لکیر کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے و مظالم کو ظاہر کر رہی ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے اپنے ٹیویٹ میں کہا ہے کہ اس سال 14 اگست پاکستا ن کا یوم آزادی ہمارے بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جارہا ہے ، انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جائز جدوجہد انشاء اﷲ کامیاب ہوگی۔