قصور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے کہا بھارت کو یہ بات پہلے دن سے معلوم ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور وہ یہ بات یو این او میں بھی تسلیم کر چکا ہے اور اب مودی سرکار مقبوضہ و جموں کشمیر کو غاصبانہ طریقے سے ہڑپ کرنے کیلئے جو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہ ڈرامہ اب زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ دنیا نے اب یہ بات تسلیم کر لی ہے کہ کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے اور اگر اسے حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کا امن ہر وقت خطرے میں رہے گا، ڈی پی سی قصور کے زیر اہتمام پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ، ہماری ایٹمی صلاحیت بھارت سے کئی گنا زیادہ ہے ، جنگ مسلط کی گئی تو دفاع کیلئے سخت سے سخت قدم اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے ، ہم اپنے دفاع کیلئے لڑیں گے تو بھارت کو اس کی حیثیت معلوم کرا کے چھوڑیں گے ، ۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملک کی تمام مذہبی، سیاسی جماعتوں سمیت پوری پاکستانی قوم یکجان ہیں، دنیا کے کسی ملک کے پاس اتنی بڑی عوامی فوج نہیں جو ملک کے دفاع کیلئے مر مٹنے کے لئے تیار ہے ۔