اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کیس میں تیاری اچھی کی اور اچھا کیس لڑا، ہمارا گمان اور کوشش اچھی ہے ، 17 جولائی کو ہی اس پر تبصرہ کرینگے ۔ انہوںنے ہفتہ وار بریفنگ میںکہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ بربریت جاری ہے ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی دوسری رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہیں ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے ۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ امریکی صدر کی دعوت پر وزیراعظم 21 سے 23 جولائی تک امریکہ کا دورہ کرینگے ، وہاں رکنے کے حوالے سے وزیراعظم خود بیان دے چکے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کرتار پور راہداری پر 14 جولائی کو مذاکرات ہونگے ، اس حوالے سے مزید تفصیل وہاں پر دینگے ، پاکستان نے 80 فیصد کام مکمل کرلیا، بھارت نے کتنا کیا ابھی نہیں معلوم،معاہدے کی تفصیل ابھی سامنے نہیں لائی جاسکتی ۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کے حوالے سے مکمل عمل درآمد کررہا ہے ، کسی شمالی کوریا کے شہری کو پاکستانی ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔