لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت نے کمشنر اورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب محمد افضال بھٹی کوملازمت سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ افضال بھٹی جنوری 2015 سے کمشنر اورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کنٹریکٹ پر تعینات تھے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 56 پبلک سیکٹرز کمپنیوں کے کیس میں عدالت عظمیٰ نے افضال بھٹی کو بھاری مالی مراعات دینے کا سوموٹو نوٹس لیا تھا اور انہیں یہ مراعات واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے افضال بھٹی کی اہلیت و تعیناتی پربھی سوالات اٹھائے تھے ۔ افضال بھٹی کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے 2014 میں سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا تھا اور انہیں ایم پی سیکیل ون کے برابر مالی مراعات دی گئی تھیں۔ عدالت کے نوٹس کے بعد پنجاب کی نئی حکومت نے برخاست کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا جس کے مطابق افضال بھٹی کی خدمات کو 25 دسمبر سے ختم کردیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق افضال بھٹی کی کنٹریکٹ ملازمت کو ختم کردیا گیا ہے ۔