اسلا م آباد ،لاہور ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید79افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد18149ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.16فیصد رہی، کوروناکے 4213نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد834146ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد87953ہو گئی،5377مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل728044صحتیاب ہو چکے ۔دریں اثناوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے قراردیا ہے کہ آئندہ چند ہفتے پاکستان کیلئے نازک ہیں،لہٰذابہت زیادہ احتیاط کی ضروت ہے ۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبانے ایک سال گزر جانے کے بعد بھی دنیا بھرمیں تباہی مچا رکھی ، اب روزانہ کیسز 9 لاکھ سے بڑھ رہے ،2021 میں روزانہ اموات 15 ہزار سے تجاوز کر رہی ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2040نئے کیس سامنے آگئے اورمزید22مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد8572ہوگئی ۔ لاہورمیں 1049، ننکانہ 53، قصور 12، شیخوپورہ 23، راولپنڈی 94، گوجرانوالہ 32 ، ملتان 92، فیصل آباد 139اوراوکاڑہ میں 50 کیس سامنے آئے ۔لاہور میں مزید 8 ہلاکتیں ہوئیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مزید 1783 کورونا مریض صحتیاب ہو گئے ۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے 867بیڈ اور56وینٹی لیٹر خالی ہیں۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے سخت مانیٹرنگ اور کارروائیاں جاری رہیں ۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے بتایا کہ مجموعی طور پر 30 دکانوں، سٹورز اور ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں32لاکھ25ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید2700سے زائداموات اور318000سے زائدنئے کیس رپورٹ،بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے فوج کی مدد طلب کر لی، فوج کو آکسیجن کی سپلائی کیلئے مدد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے ۔ اسرائیل نے کورونامیں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں پر بھارت سمیت 7ممالک کے سفرپرپابندی عائدکردی ۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور وزارت صحت نے مشترکہ پریس ریلیزمیں کہا کہ اسرائیلی شہریوں کو یوکرین ، برازیل ، ایتھوپیا ، جنوبی افریقہ ،بھارت ، میکسیکو اور ترکی جانے کی اجازت نہیں ہوگی،یہ حکم 16 مئی تک نافذ العمل ہوگا۔سعودی عرب میں تجارتی مراکز اور بازار 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دیدی گئی تاہم کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ہو گا۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے سعودی شہریوں کو 17 مئی سے سفر کی اجازت ہوگی۔سعودیہ میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے تیار توکلنا ایپلی کیشن کے صارفین کی تعداد2کروڑ سے بڑھ گئی ۔برطانوی وزیر صحت ہیٹ ہانکاک نے ٹویٹ کیا کہ برطانیہ میں ابتک 50 ملین کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہیں،یہ بڑی کامیابی ہے ۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ہارٹلیپول ہسپتال کے دورے پر کہا کہ برطانیہ میں 21 جون سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی شرط کے خاتمے کے روشن امکانات ہیں۔ برطانیہ سے بیرون ملک جانے پر لگائی پابندی 17 مئی سے ہٹانے کے امکان پربرطانوی پارلیمان کے چند اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی مختلف اقسام سامنے آنے کے باعث بیرون ملک چھٹیاں منانے کیلئے جانے پر عائد پابندی کو برقرار رکھا جائے ۔ادھریورپی کمیشن نے غیر ضروری سفر یعنی سیاحت یا تفریح کی خاطر یورپی یونین سفر کرنیوالے مسافروں کیلئے نئی پالیسی تجاویز جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ مسافر جنھوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں اور وہ ایسے ملک سے آ رہے ہیں جہاں وبا کی صورتحال اچھی ہے تو انہیں ای یو میں داخل ہونے کی اجازت دیدی جائیگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق 27 ممالک پر مشتمل ای یو نے صرف سات ممالک کو غیر ضروری سفر کی اجازت دی ہے لیکن اگر مذکورہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو مزید ممالک کو اجازت مل جائیگی۔کمیشن ایمرجنسی بریک کا نظام بھی تجویز کیا جس کے تحت ای یو کے ممبر ممالک وائرس کے دوبارہ پھیلائو پر فوری اور عارضی طور پر وطن میں داخل ہونیوالے مسافروں پر پابندی عائد کر سکتے ہیں۔یورپی یونین میں ان تجاویز پر آج بحث شروع ہو گی۔ادھر اقوام متحدہ کی سرپرستی میں غریب ممالک کو مفت ویکسین فراہم کرنے کیلئے کوویکس نے موڈرنا کمپنی سے 500 ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنے کا معاہدہ کر لیا۔امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے بیشتر شہریوں کو کورونا ویکسین لگائے جانے اور ویکسین کی مناسب دستیابی کے بعد ریاست بھر میں عائد تمام پابندیاں فوری اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے ۔