لاہور؍ اسلام آباد؍سرگودھا ؍ راولپنڈی(جنرل رپورٹر؍سٹاف رپورٹر؍ کرائم رپورٹر؍ خبرنگار خصوصی؍نامہ نگار؍ نامہ نگار خصوصی)پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہوگئی جبکہ200 سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد4265 تک پہنچ گئی ۔گزشتہ روز سندھ میں 50 کیسز، 2 ہلاکتیں، پنجاب میں136 کیسز، 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں،خیبرپختونخوا میں 27 کیسز، 2 ہلاکتیں، بلوچستان 6 ،آزاد کشمیر میں 10 نئے کیس سامنے آئے ۔ میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج 32سالہ خاتون زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ 4 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ریسکیو 1122 راولپنڈی کے ایک اہلکار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔50افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر انتظامیہ نے آرمی اور پولیس کی مددسے سرگودھا شہر کے خارجی وداخلی راستوں کو بند کر کے سرگودھا شہر کو مکمل لاک ڈائون کر دیا ،ماسوائے ڈاکٹروں اور ایمبولنس سروس کسی قسم کی ٹریفک سرگودھا شہر میں بند کردی گئی۔ضلع رحیم یارخان میں چک 110سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے 5 افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوگئی،دو کی حالت تشویشناک ہے ۔چوک سرور شہید ٹی ایچ کیو ہسپتال میں قر نطینہ کئے گئے 7افرادمیں سے ایک کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود پمز ہسپتال میں ایک نرس،3 ڈاکٹروں میں کوروناوائرس کی تصدیق ہو گئی ۔تبلیغی مرکز لیہ قرنطینہ سنٹر اور بہادر سب کیمپس میں مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ سول ہسپتال بہاول پورمیں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔اٹک میں ملتان قرنطینہ سے آنیوالے 9 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آگئے ۔کیمپ جیل لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعدادکے پیش نظر مزید250قیدی حافظ آباد جیل منتقل کردیئے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے بھجوائے جانیوالے نئے ملزمان کی کوٹ لکھپت جیل میں منتقلی کا عمل شروع کردیاگیا،سنٹرل جیل میں دو بیرکس نئے قیدیوں کیلئے مختص کردی گئیں۔ملک بھر میں 50 سے زائد دارالاحساس میں مقیم 5 ہزار سے زائد یتیم بچوں کو گھر بھجوادیا ،اس حوالے سے پاکستان بیت المال نے فیصلہ کیا کہ ان 5 ہزار بچوں کی ماؤں کو ابتدائی طور پر11 ہزار روپے کی رقم ایزی پیسہ کے ذریعہ بھجوائی جائے گی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر محمد عثمان نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں 21 سے 30 سال کی عمر کے لوگ سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہیں، لاہور میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں بڑی تعداد ڈیفنس، جوہرٹائون اور شاہدرہ کے رہائشیوں کی ہے ۔کراچی میں لاک ڈاؤن کوخاطر میں نہ لاتے ہوئے شہری بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے جس کے بعد سندھ پولیس نے لاک ڈاؤن میں سختی شروع کردی، شاہراہ فیصل کو رکاوٹیں لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ ایران سے مزید 139 افراد تفتان پہنچ گئے جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر کوئٹہ کے ریڈ زون کے باہر دھرنا دے دیا۔ڈاکٹر یاسر خان اور ڈاکٹر رحیم بابر نے بتایا کہ ہمیں جو ماسک دئیے گئے ،وہ ٹشو پیپر اور کاغذ سے بنائے گئے ہیں ، ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کے حوالے سے وعدہ پورا نہیں کیا گیا ،ڈاکٹروں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکار وں کو بھی معطل نہیں کیا گیا۔ چین سے مزید امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا۔ نیویارک؍ لندن؍ پیرس(نیٹ نیوز؍ نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں کورونا کے مزید 67 ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے جبکہ ساڑھے 5ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔ کورونا امریکہ پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا، مسلسل آٹھویں روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، مجموعی تعداد ساڑھے 14 ہزار ہوگئی۔گزشتہ روز امریکہ میں 1700، برطانیہ میں 938،سپین میں 600، فرانس میں 600، اٹلی میں 500، بیلجیئم میں 200 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ۔ دنیا بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ سے زائد جبکہ ہلاکتیں 88 ہزار سے زائد ہوگئی ہیں۔رومانیہ میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ ملک کے مغربی شہر تیمی شوارا میں ایک چلڈرن ہسپتال میں پیدا ہونے والے 10 نومولود کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔یوکرین میں کورونا سے نہ ڈرنے والوں کو اجتماعی قبروں کا خوف دلا کر گھروں میں رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انڈونیشیا نے مسلمانوں کو تاکید کی ہے کہ وہ رمضان کے مہینے میں نماز تراویح گھر میں پڑھیں اور عید کی نماز کے بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔ مصر کی وزارت برائے اسلامی وقف نے رمضان المبارک کے دوران افطار کی تمام اجتماعی تقریبات اور سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دبئی نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے تجارتی سرگرمیوں میں جاری عارضی تعطل میں 18 اپریل تک توسیع کر دی ۔برطانیہ اور امریکہ نے بلڈ پلازمہ سے کورونا کے علاج کی منظوری دے دی۔ایران میں قومی مرکز برائے انسداد کورونا وائرس کے رکن حامد سوری نے انکشاف کیا کہ ملک میں اس وقت 5 لاکھ کے قریب افراد وبائی مرض سے متاثر ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کورونا کے حوالے سے پہلا اجلاس آج ہوگا۔یورپی یونین کورونا وائرس کی وبا کی لپیٹ میں آئے دنیا کے غریب ممالک کے لئے 15ارب یورومختص کرے گا۔ٹرمپ انتظامیہ نے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نبرد آزما ملکوں کی مدد کیلئے 225 ملین ڈالر اضافی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لئے 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مختص کرنے کی منظوری دے دی۔ڈبلیو ٹی او نے کہا ہے کہ کورونا کا عالمی تجارت پر بہت گہرا اثر پڑے گا اور کل تجارتی حجم کو 30 فیصد کم کرسکتا ہے ۔روس کی سرکاری ویکٹور لیبارٹری کے سربراہ نے صدر پیوٹن کو بتایا کہ نئی ویکسین کے تجربات کا آغاز ماہِ جون کے بجائے مئی میں کیا جا سکتا ہے ۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ لاک ڈائون 14 اپریل کو ختم کرنا ممکن نہیں ہو گا، حتمی فیصلہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ 11 اپریل کو میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔