لاہور،رحیم یارخان،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر، خبرنگارخصوصی،خصوصی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے حکومت اب چند ماہ کی مہمان ہے ، عمران صاحب آپ نے پنجاب کو لکی ایرانی سرکس بنادیا۔ایک ٹویٹ اورمسلم لیگ (ن) رحیم یار خان کے ضلعی صدرمیاں خالدشاہین سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا پٹرول کی قیمت میں25پیسے کمی کرکے حاتم طائی کی قبر پر جو لات ماری گئی اس کے جھٹکے پوری دنیا میں محسوس کئے گئے ،پٹرول کی قیمت میں کمی پرعوام ششدر رہ گئے اور انہیں سمجھ نہیں آرہی وہ اس ریلیف سے کیسے استفادہ کریں ، جعلی حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے ، چوری کے مینڈیٹ والے حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی، موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا، حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت نہیں، حکومت چلانااناڑیوں کاکام نہیں، ان سے انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں ہو پا رہا،یہ ابھی تک کنٹینر پر کھڑے ہیں،حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ، گلی گلی محلے محلے میں احتجاج ہورہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے طلبا تنظیموں کو پرتشدد کہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہایہ ان کی بہتری کا کون سا ضابطہ مرتب کرپائیں گے ؟ ،پرتشدد تو حکمران ہیں جنہوں نے آزادی اظہار کے آئینی وجمہوری حق پر قدغن لگادی ہے ،طلبائاور اساتذہ کی پرامن اظہار رائے کی آزادی سلب کرنا قابل مذمت اور آمرانہ رویہ ہے ،آج پرتشدد کا لیکچر دینے والے گزشتہ کل پارلیمنٹ پر حملے کر اور منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ رہے تھے ،ایف آئی آر تو پارلیمنٹ پر حملے اور منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹنے کا بیان دینے والوں پر ہونی چاہئے ،پرامن طلبائاور اساتذہ پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے ۔عظمیٰ بخاری نے کہاپنجاب کی بیوروکریسی نالائق اعظم اور ڈمی وزیر اعلیٰ سے تنگ آچکی،ہر تین ماہ بعدسیکرٹریز تبدیل کرنے سے نا اہلی نہیں چھپ سکتی،45وزیر وں اور مشیروں کی فوج مفت کا سرکاری اناج کھانے کے لئے بھرتی کی گئی، بزدار کابینہ عوام کے اربوں روپے ہضم کرگئی جبکہ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوسکا، کابینہ اجلاسوں میں عوامی مسائل کم اور شہباز شریف دور کے منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کی پلاننگ زیادہ ہوتی ہے ،شہبازشریف نے دس سال میں پنجاب کو جدید اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا لیکن نااہلوں کے ٹولے نے پنجاب کو نیوخان کی کھٹارہ بس بنادیا ،عمران نیازی اور بزدار حکومت نے پنجاب کی عوام سے بدلہ لیا ہے ۔ سیاستدانوں اور صحافیوں کے اعزاز میں ظہر انہ کے موقع پر سینئر لیگی رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ،25پیسے لیٹر پٹرول سستاہونا عوام سے مذاق ہے ،عوام عمران خان کووزیراعظم نہیں دیکھنا چاہتے ۔