لاہور (نامہ نگارخصوصی) آل پاکستان وکلا کنونشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کوئی احتساب سے بالا تر نہیں،وکلا اور ججز دونوں کا احتساب ہوگا، وکلا سپریم جوڈیشل کونسل کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے فیصلے کو تسلیم کریں گے ۔ الحمرا ہال میں احتساب سب کے موضوع پر آل پاکستان وکلا کنونشن ہوا جس میں وکلا تنظیموں کے عہدیداروں کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے لا آفیسرز نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں وکلا ایکشن کمیٹی کے سربراہ رمضان چودھری نے کہاسب کا احتساب ہونا چاہیے ،ملک بھر کے وکلا کو سپریم جوڈیشل کونسل پر ناصرف اعتماد ہے بلکہ وہ اپنے ادارے کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔ پنجاب بار کونسل کے رکن جمیل اصغر بھٹی نے کہا وکلا ایکشن کمیٹی تحریک بن چکی ،وکلا کو مشکل فیصلے کرنے ہونگے ، اگر سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس فائز عیسی کے حق میں فیصلہ دیا تو اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے ۔ کنونشن سے عاصم چیمہ، رائے بشیر اور عبدالصمد بسریا اوردیگر وکلا نے بھی خطاب کیا ۔کنونشن میں احتساب سب کا کے حق میں قرار داد بھی منظور کی گئی۔