کوٹ رادھاکشن (نمائندہ 92نیوز )بد چلنی کے شبہ پر محنت کش نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو قتل اور چوتھے کو زخمی کردیا ، ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیاگیا ۔کوٹ رادھاکشن کے نواحی گاؤں مدکے دھاریوال کے قریب واقع بھٹہ خشت پر ملازم جابر اپنے چار بچوں اور بیوی سمیت رہتا تھا ۔ میاں بیوی میں ناچاقی کے باعث جابر اکثر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا ۔گزشتہ صبح 7بجے کے قریب جب سب گھر والے ناشتہ کر رہے تھے تو میاں بیوی میں تکرار شروع ہو گئی جسکی وجہ سے طیش میں آکر سنگ دل جابر نے کسی کے وار کر کے اپنے 3 بچوں دو ماہ کے تنویر ، تین سالہ عطیہ ، 12سالہ نوید اور 28سالہ بیوی نازیہ کو بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا ۔ اُسکا دس سالہ بیٹا شبیر شدید زخمی ہو گیا جسکو مقامی ہسپتال سے جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ۔ بھٹہ پر ہونے والی واردات کے بعد گھر میں ہر طرف خون پھیل گیا ۔علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ۔ آصف شہزاد ڈی پی او قصور ،پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصورمنتقل کر دیا اور مقتولہ نازیہ بی بی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔