اسلام آباد ،عباس پور(وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز) لائن آف کنٹرول کے علاقوں پولس ککوٹہ، چفاڑ پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور3 شہری زخمی ہونے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز تین بجے سے چھ بجے تک اچانک اور بلااشتعال فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں پولس ککوٹہ کے رہائشی جمیل، منظوراور مشتاق شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو فوری طور پر عباس پور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں لایا گیا جہاں پر انہیں طبی امداد دی گئی اور شدید زخمیوں کو راولاکوٹ سی ایم ایچ ریفر کر دیا گیا۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا پاکستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی گنوں کو خاموش کر دیا۔ادھرڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے فائر بندی کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرسے کہا گیاکہ بھارتی فوج جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے ۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے خطے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں، بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے ۔