لاہور(سپورٹس رپورٹر) کرونا کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اولمپکس2020کے التوا کی وجہ سے میزبان ملک جاپان کو 5.8ارب ڈالر کے بھاری نقصان کے خدشہ کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ اولمپکس 2020کے میزبان جاپان نے میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے تیس ارب ڈالر کے قریب اخراجات کر رکھے ہیں جبکہ جاپان کی کنسائی یونیورسٹی کے اعزازی پروفیسر اور معروف ماہر معاشیات کاتسوہیرو میاموتو نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد میں ایک سالہ تاخیر سے 5.8 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان ہو سکتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق صرف سٹیڈیمز اور ان سے منسلک دیگر سہولیات کی دیکھ بھال و مرمت اور گیمز کی نئے سرے سے تیاری کیلئے 3.8 ارب ڈالر درکار ہوں گے جبکہ دیگر معاشی نقصانات کی مالیت بھی دو ارب ڈالرز تک جا پہنچے گی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاحت میں کمی اور صارف کا خرچ محدود ہونے کے نتیجے میں جاپان کی مجموعی معیشت مزید متاثر ہو سکتی ہے ۔