اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی جوڈو کاز قیصر خان ہانگ کانگ کیڈٹ ایشین کپ اور مکاؤ کیڈٹ ایشین جوڈوکپ یوتھ اولمپکس کوالیفکیشن کے آخری راؤنڈ میں شرکت کیلئے آج علی الصبح ہانگ کانگ روانہ ہوں گے ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے بتایاکہ یوتھ اولمپکس کوالیفکیشن راؤنڈ کے آخری دو مقابلے ہانگ کانگ میں کھیلے جائیں گے جس میں قیصر خان پاکستان کی جانب سے اولمپکس کوالیفکیشن راؤنڈ میں حصہ لیں گے ۔ ایونٹ کا پہلا کوالیفکیشن راؤنڈ ہانگ کانگ کیڈٹ ایشین کپ 12 سے 15 جولائی تک ہانگ کانگ میں ہو گا۔ اس کے بعد 16 سے 19 جولائی تک قیصر خان مکاؤ میں تربیت حاصل کریں گے ۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد مکاؤ میں مکاؤ کیڈٹ ایشین کپ 20 سے 23 جولائی تک آخری کوالیفکیشن راؤنڈ کے مقابلے میں میدان میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آخری راؤنڈ میں شرکت کیلئے فیڈریشن نے قیصر خان کے این او سی کیلئے پی ایس بی کو درخواست دے دی ہے ۔