نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیاپرایک اوربھارتی پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا،بھارتی فوجیوں کی مشکل حالات میں کام کی تصاویرجعلی نکلیں۔سوشل میڈیاپرتیزی سے پھیلنے والی تصاویرکے متعلق دعوی ٰکیا گیاکہ یہ بھارتی فوجیوں کی ہیں جو انتہائی نامساعد حالات میں کام کر رہے ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہے ۔ اداکارہ شردھا کپور اور رکن پارلیمان کرن کھیر نے بھی ان تصاویر کو سچ سمجھتے ہوئے شیئر کیا۔ایک تصویرمیں خواتین کوایل اوسی پر تعینات بھارتی خواتین اہلکارظاہرکیاگیا لیکن درحقیقت یہ تصاویر کرغیزستان کی جنگجو کی ہیں ،دوسری تصویر میں ایک شخص برف سے ڈھکاہواہے اسے سیاچن میں ڈیوٹی دینے والا بھارتی فوجی اہلکاربتایاگیا لیکن حقیقت میں یہ تصویرامریکی سرفراورتیراک ڈین شیفٹرکی ہے ،دواورتصاویر میں بتایاگیاکہ یہ دوبھارتی فوجی کیسے سیاچن کی سخت سردی میں سوئے ہوئے ہیں،اس تصویر کو نہ صرف بی جے پی رہنما کرن کھیربلکہ اداکارہ شردھاکپورنے بھی شیئر کیاتھا، دراصل یہ دونوں تصاویرروسی فوجیوں کی ہیں جو 2013میں سپیشل فورسز کی ٹریننگ کے دوران لی گئیں تھیں۔بی بی سی کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ بہت سے غیر ملکی فوجیوں کی تصاویر کو انڈین فوجیوں کی تصاویر ظاہر کر کے سوشل میڈیا پر شئیر کیا گیا۔ان تصاویر کے ساتھ لکھی جانے والی تفصیلات کو جان بوجھ کر غلط طور پر شامل کیا گیا تاکہ سوشل میڈیا پر زیادہ لائیکس ملیں اور توجہ حاصل کی جا سکے ۔یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ایسی تصاویر کو انڈین فوجیوں کی تصاویر بتا کر شیئر کیا گیا ہے ، ایسے پہلے بھی کئی بار ہوا ہے جس کو لوگ سچ مانتے ہیں۔