لاہور(نمائندہ خصوصی سے )حضرت یعقوب علی شاہ ؒ کے 33ویں سالانہ عرس کی تقریبات ان کے آستانہ قبرستان میانی صاحب میں شروع ہو گئیں۔ معروف سکالر اور گدی نشین سید سرفراز احمد شاہ نے مزار پر انوار پر رسم چادر پوشی اور پرچم کشائی کے ساتھ دو روزہ عرس تقریبات کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سید سرفراز احمدشاہ کے خلیفہ ڈاکٹر خرم طارق، صابر ملک و دیگر بھی موجود تھے ۔ سالانہ عرس تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین زائرین ایک بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ اس موقع پرامت مسلمہ بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے باسیوں پر بھارتی مظالم کے تناظر میں اولیائے اﷲؒ، مشائخ عظام ؒ کی تعلیمات کی بابت پوچھے گئے سوال کے جواب میں سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ فقیروں کی سنت قرآن مجید و سنت محمدی ﷺکے تابع ہوتی ہے ، حضرت یعقوب شاہ ؒسمیت مشائخ کوئی بھی ہوں، ان کی تعلیم کا بنیادی فلسفہ اور محور انسانیت کی تعظیم، مخلوق خدا سے محبت، اور درگذر ہی ہوتا ہے ۔ مشائخ عظام ؒ اپنی تعلیمات میں شریعت کا دامن کبھی نہیں چھوڑتے ۔ قرآن پاک میں حکم ہے کہ اگر دشمن تمھارے سر پر آن پہنچا ہے تو اس کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جاؤ ، ان کا کہنا تھا کہ حضرت یعقوب علی شاہ ؒ کی تعلیمات بھی ہمارے لئے سرچشمہ ہدایت ہیں۔آخر میں میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔