لاہور،لوئر دیر ،زیارت (ایجنسیاں ،نمائندہ 92 نیوز)کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا،لاہور میں سموگ کی شدت کم ہو گئی ، لاہور کی فضا کا معیار خطرناک سے مضر صحت قرار دے دیا گیا اوراے کیو آئی پر اس کے پوائنٹس 157 تک کم ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دور افتادہ علاقہ پاک افغان بارڈر شاہی بنشاہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ زیارت میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ، لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی کی شدت میں وقتی کمی ہو گئی ، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا اے کیو آئی 262، پنجاب اسمبلی اور چیئرنگ کراس 253، شملہ پہاڑی اور گردونواح کا ائیر کوالٹی انڈیکس 234 ،ڈی ایچ اے کا اے کیو آئی 206، اقبال ٹان 201، کینال روڈ 200، ائیرپورٹ سے ملحقہ علاقوں کا 196، اپر مال 184 اور گلبرگ میں 179 ریکارڈ کیا گیا۔ ایئر ویژول کی رپورٹ کے مطابق ازبکستان کا شہر تاشقند درجہ بندی میں لاہور کی جگہ لیتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ نئی دہلی پہلی پوزیشن پر اب بھی برقرار ہے ۔