لاہور (جنرل رپورٹر )تحریک پاکستان کے نامور کارکن اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے ،ان کی نماز جنازہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے سامنے مادرِ ملت پارک میں ادا کی گئی جس کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد 1984 میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر تعینات ہوئے جبکہ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر کے طور پر بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔ قیام پاکستان کے وقت انہوں نے اپنی تعلیم اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی، وہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین بھی تھے ، پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اور اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چودھری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نظریہ پاکستان کے محافظ تھے اور ملک اپنی نظریاتی سرحدوں کے ایک عظیم محافظ سے محروم ہو گیا ہے جنھوں نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دیں ۔