سرینگر(نیوزایجنسیاں ) تحریک المجاہدین کے سابق امیر اعلیٰ عبد الغنی ڈار المعروف عبداﷲ غازی کوشہید کردیاگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان کا تعلق ضلع بڈگام کے علاقے روسو بیروہ سے تھا۔ 78سالہ مبلغ اور عسکری کمانڈر کو مائسمہ سرینگر کی ایک مسجد میں نامعلوم افراد نے نماز کے دوران حملہ کرکے شہید کردیا ۔ تحریک المجاہدین نے واقعے کی مذمت کر تے ہوئے اسے بھارتی ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیا۔ادھر ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی۔ کشمیر میڈسروس کے مطابق بھارتی فوج کی3راشٹریہ رائفلز سے وابستہ اہلکار بلرام سنگھ نے ضلع کے علاقے اشمقام میں قائم اپنے کیمپ میں زہر کھا کر خود کشی کی۔ اس تازہ واقعے سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 446ہو گئی۔ادھر بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام کے علاقوں گنڈی پورہ اور وارہامہ سے گھروں پر چھاپوں کے دوران پانچ نوجوان گرفتار کر لیے ۔ دریں اثنا جموں شہر کے علاقے طلاب ٹیلو میں ایک عمارت میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کے دوران تین فائر فائٹر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ چار شہری اور دو فائر فائٹرز زخمی ہوگئے ۔