راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی)وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب راولپنڈی کے 3تھانوں پر چھاپے مارے ۔وزیرمملکت رات ایک بجے تھانہ پیرودھائی پہنچے تو 35سے 40افراد بغیر ایف آئی ار زیر حراست تھے ۔ وزیرمملکت نے تمام افراد کو چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او ردیگراہلکاروں کو معطل کردیا۔ وزیرمملکت اس کے بعد تھانہ گنج منڈی پہنچے جہاں دو کم عمر نوجوانوں کو ایک کمرے میں بٹھا رکھاتھا ۔وزیرمملکت نے کہاکہ انہوں نے شراب پی رکھی تو کمرے میں کیوں رکھاہے ،حوالات میں بند کریں۔ رات دو بجے کے قریب وزیرمملکت اپنی ٹیم کے ہمراہ تھانہ رتہ امرال گئے ۔ جہاں وزیرمملکت نے ایک اہلکار سے پسٹل لوڈ کرنے کا کہا،جس میں اہلکار نے 5 منٹ لگادیئے جس پر وزیرمملکت نے کہاکہ کمال ہے جتنی دیر آپ نے لگائی اتنی دیر میں تو ملزم کہاں سے کہاں پہنچ جائے گا ۔