اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کی کوئی بھی حرکت ہماری توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹا نہیں سکتی،کشمیر کے ایشو پر حکومت بے بسی کا شکار ہے ،بیرون ملک وفود تک نہیں بھیجے گئے ، بھارت کی کشمیر پر یلغارسے حکومت کے ہاتھ پائوں پھولے ہوئے ہیں۔گزشتہ روزقمرزمان کائرہ نے چودھری منظور ،نذیر ڈھوکی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چین کے سواکسی ملک نے مسئلہ کشمیرپر واضح طور پر پاکستان کی حمایت نہیں کی ، بیشتر مسلم ممالک نے کشمیرمسئلے کو بھارت کا اندورنی مسئلہ قرار دیا ہے ،ٹرمپ کی ثالثی کہا ں گئی؟انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے ،کوئٹہ میں بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ صرف ٹویٹ کرنے سے مسئلے حل نہیں ہوتے ،آخر کشمیریوں کا کتنا خون بہے گا؟انہوں نے کہا کہ اپنے مخالفین کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنے کے سواحکومت کے پاس کوئی اچھی خبر نہیں ،اس وقت ملک میں قومی یکجہتی نہیں ہے تو دنیا سے کیا مدد مانگو گے ؟انہوں نے کہا کہ نیب اور حکومت کے گٹھ جوڑکے ذریعے اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ،نیب کوزرداری اور نواز شریف سے کچھ نہیں مل سکا ۔