راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کی 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن ’’ عزم استحکام ‘‘کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شرکا نے انسداد دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں اسے اہم قدم قرار دیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر فورم نے امن و استحکام کیلئے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ’عزمِ استحکام‘ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ’عزمِ استحکام‘ کو اہم قدم قرار دیا۔شرکا نے ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کیلئے ’عزمِ استحکام‘ کو دہشتگردی اور غیرقانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ ختم کرنے کیلئے وقت کا اہم تقاضا قرار دیتے ہوئے چند حلقوں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کیلئے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش کیا۔کانفرنس کے شرکانے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے عزم کا اعادہ کیا۔شرکا نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کیا اور کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی پر اظہار مذمت کیا۔ شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کیلئے کوشاں ہے ۔کانفرنس کے شرکانے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کیخلاف سازش قرار دیا۔ان کا کہنا تھا ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے ، افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کیلئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی ترقی و استحکام کیلئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے ۔انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔