اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،این این آئی) حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، برانڈڈ دودھ، چائے کی پتی اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت پانچ روپے فی کلو اضافہ کے ساتھ 74 روپے سے بڑھ کر 79 روپے ہو گئی۔دودھ کا ڈبہ 130 روپے لیٹر سے بڑھ کر 132،،475 گرام چائے کی پتی کا ڈبہ 438 سے بڑھ کر 445 روپے ، 100 گرام ہلدی کا پیکٹ 32 سے بڑھ کر 35 روپے ، 200 گرام دھنیا پاؤڈر 65 سے بڑھ کر 78 روپے ،50 گرام دار چینی کا پیکٹ 35 سے بڑھ کر 65 روپے ،200 گرام سفید زیرہ 165 سے بڑھ کر 185 روپے کا ہوگیا۔ادھر وفاقی ادارہ شماریات نے تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال اگست 2018 سے اگست 2019 تک مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے ۔اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں ایک کلو چینی 20 ،بکرے کا گوشت 84 ، گائے کا گوشت 45، زندہ برائلر مرغی 61 ، ڈھائی کلو کوکنگ آئل 82 ،10 کلو گندم 29 ،آٹے کا10 کلو کا تھیلا 39 ،باسمتی چاول 6 ، دال مسور 12، دال مونگ 57 ، دال ماش 34 اور دال چنا فی کلو 13 روپے مہنگی ہوئی۔ لہسن 133 روپے فی کلو،تازہ دودھ و دہی 7، 7 روپے فی کلو،پیاز 23 ،آلو 7 روپے کلو مہنگے ہوئے جبکہ 200 گرام چائے کی پتی کی قیمت میں 16 روپے اضافہ ہوا۔ ایک سال میں سگریٹ کا پیکٹ 25 روپے مہنگا ہوا۔