کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر)پاک بحریہ نے 1965ء کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گزشتہ روز 8 ستمبرکو یوم بحریہ منایا۔اس موقع پرپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر یومِ بحریہ ہمیں پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے جن کی بہادری کے کارناموں نے دشمن کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا اور اس کی خام خیال برتری کے زُعم کو خاک میں ملا دیا، یہ دن پاک نیوی کی تاریخمیں سنہری باب ہے ۔ اس دن’ ’آپریشن سومنات‘ ‘کو جس جرأت و دلیری کے ساتھ انجام دیا گیا وہ ہمارے کئے باعث ِ فخر اور ترغیب ہے ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ عصر حاضر میں میری ٹائم سیکٹر کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں بحری قذاقی، اسلحہ اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل، انسانی سمگلنگ اور میری ٹائم دہشت گردی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری کی فعالیت ہمیں غیر مستعمل بحری اقتصادیات سے استفادہ کرنے اور معاشی فوائد حاصل کرنے کا موقع فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد پاک بحریہ کی تیاری اعلیٰ سطح پر ہے اور پاک بحریہ اس کشیدگی کے دوران مکمل طور پر چوکس رہی جس کا کھلا ثبوت جدید بھارتی آبدوز کی نشاندہی، اسے اپنی سمندری حدود سے نکلنے پر مجبور کرنا اور اس کو ناپاک عزائم کے حصول کی کوشش سے باز رکھنا ہے ۔پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونے تک پاکستان کشمیری بھائیوں کی بر حق جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے طوق سے آزادی دلانے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار اور پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جذبہ 8 ستمبر 1965ء کے احیاء کے عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں۔دن کاآغازنیوی کی مساجد میں ملکی یکجہتی اور ترقی کے ساتھ ساتھ خصوصاً کشمیری عوام کی جدو جہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا۔1965ئکی جنگ کے شہداء کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ملک بھر میں یادگار ِ شہدا پرپھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔تمام نیول یونٹس اور اسٹیبلشمنٹس پر پرچم کشائی کی گئی۔تمام جہاز اور اسٹیبلشمنٹس کی سجاوٹ نیوی کے روایتی طریقے سے کی گئی۔ نیوی یونٹس /اسٹیبلشمنٹس اور پاکستانی نیوی کے زیرِ انتظام سکولوں اور کالجوں میں تقاریب کا انعقا د کیا گیا۔دریں اثناء پاک بحریہ نے یومِ بحریہ کے موقع پر ڈاکومنٹری’’ضربِ آب‘‘ریلیز کر دی۔ترجمان پاک بحریہ کے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ضربِ آب بحری دفاع کیلئے تشکیل دی جانے والی سپیشل فورس اور میرینز پر بنائی گئی ہے ۔ڈاکومنٹری سپیشل فورس اور میرینز کی آپریشنل صلاحیتوں کی بھرپور عکاسی کرتی ہے ۔