لاہور(قاضی ندیم اقبال ) پنجاب اور وفاق کی مشترکہ کاوش۔ یونیسیف کے ذیلی ادارہ نے حکومت پاکستان کو 100ملین ڈالر فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے فزیبلٹی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ادارے کی پاکستان میں تعینات سربراہ نے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کر دیا۔ انتہائی معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاشی پالیسیوں کے حوالے سے اچھی ساکھ کے حامل وفاق اور پنجاب کے بعض سینئر آفیسرز ملک میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، انڈسٹریز،سیاحت جیسے دیگر اہم شعبوں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ انہی سینئر سول بیوروکریٹس نے یونیسیف کے ذیلی ادارے ’’گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن‘‘ سے رابطہ کر کے اسے مملکت خداداد میں تعلیم کے مختلف سیکٹرز میں معا ونت کی درخواست کی۔ اور ان سینئر بیوروکریٹس کی جانب سے دی جانے والی رپورٹس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یونیسیف کے ذیلی ادارہ نے پاکستان کو 100ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے ۔ حکومت پاکستان کو ملنے والے 100ملین ڈالر میں سے 40فی صد حکومت پنجاب کو بھی ملیں گے ۔ذرائع کے مطابق گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن کی پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر ٹران رنگ روز اس ضمن میں مختلف مقامات کا جائزہ لینے کے لئے وزٹ پر موجود ہیں۔ ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو حکومت پنجاب کی جانب سے ورک پلان بنا کر پیش کیا جائے گا۔ جس میں ان مدات اور سیکٹرز کی نشاندہی کی جائے گی، جن میں ’’گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن‘‘ سے ملنے والے 100ملین ڈالر خرچ کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے اس ضمن میں محکمہ تعلیمات کے ذمہ داران فزیبلٹی رپورٹ بنانے کی غرض سے متحرک ہو چکے ہیں۔ محکمہ تعلیمات سے سامنے آنے والی فزیبلٹی رپورٹ کا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں جائزہ لینے کے بعد حتمی ورک پلان ترتیب دے کر وفاقی حکومت کی وساطت سے یونیسیف کے ذیلی ادارے کو پیش کیا جائے گا۔