لاہور(بابر علی) محکمہ ہاؤ سنگ ، اربن ڈویلپمنٹ پنجاب پی ایچ اے ڈیرہ غازی خان کی استعداد کار بڑھانے کے لئے گریزاں ، رواں مالی سال کے دوران تیسری بار ڈیرہ غازی خان میں ترقیا تی منصوبوں کی ذمہ داری پی ایچ اے لاہور کو سونپ دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر پی ایچ اے لاہور نے ڈیرہ غازی خان میں 10کروڑ 88لاکھ روپے مالیت کے تین منصوبوں کے ٹینڈرز طلب کر نے کا فیصلہ کیا۔ اس بار پی ایچ اے لاہور کو 1کروڑ 16لاکھ 87ہزار 421روپے لاگت سے نواز شریف پارک اور سٹی پارک کی تزئین و آرائش،3کروڑ 60لاکھ 46ہزار 867روپے لاگت سے مانکا کینال کی خوبصورتی میں اضافہ اور 6کروڑ 11لاکھ 51ہزار 112روپے لاگت سے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے داخلی راستوں کی خوبصورتی میں اضافہ کے منصوبوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ حکومتی ہدایات کے باعث پی ایچ اے لاہور کا شعبہ انجینئر ترقیا تی منصوبوں کی مد میں لاہور کی نسبت وزیر اعلیٰ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان پر زیا دہ توجہ دینے پر مجبور ہے ۔ صوبہ میں پی ایچ ایز محکمہ ہاؤ سنگ ، اربن ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام کام کر تی ہیں ، لیکن محکمہ کی جانب سے پی ایچ اے ڈیرہ غازی خان کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے گریزاں ہے ۔ اس سے قبل بھی پی ایچ اے لاہور رواں سال کے دوران 5کروڑ 18لاکھ 85ہزار 187روپے لاگت سے ڈیرہ غازی خان اینڈ تونسہ شریف کی خوبصورتی میں اضافہ کے منصوبہ کے ساتھ ساتھ6کروڑ 2لاکھ 82ہزار 810روپے مالیت کے ہارٹی کلچر کے 18منصوبے شروع کر چکا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈیرہ غازی خان کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان اور بہاولپور میں بھی پی ایچ ایز موجود ہیں لیکن اس کے باوجود پی ایچ اے لاہور کو اس کی حدود سے باہر دور دراز ضلع ڈیرہ غازی خان میں ہارٹی کلچر کے منصوبوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔