قاہرہ(این این آئی)مصر میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد ایک ذہنی مریض کے پیٹ سے چمچوں اور کانٹوں سمیت مختلف اشیا نکال لیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق المنصورہ یونیورسٹی کے زیر انتظام طبی مرکز میں ایک 20 سالہ نوجوان کو لایا گیا جس کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت تھی۔ ایکسرے میں انکشاف ہوا کہ مریض کے پیٹ میں باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیاء کے علاوہ سونے کی انگوٹھیاں اور زنجیریں بھی موجود ہیں۔ مریض کا فوری آپریشن کیا گیا اور اس کی آنتوں سے 20 چمچے اور کانٹوں کے علاوہ دانتوں کے 6 برش، سونے کی ایک انگوٹھی اور کئی زنجیریں اور بعض عجیب سی اشیاء نکال لی گئیں۔ مریض کی ماں کو باورچی خانے کی کئی اشیا اور اپنے بعض زیورغائب ہونے کا علم تھا مگر وہ یہ نہیں جانتی تھی کہ یہ اشیا اس کے بیٹے نے نگل لی ہیں۔طبی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد مریض کی حالت اب مستحکم ہے ۔