لاہور (آن لائن) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے پنجا ب کی نئی انڈسٹریل پالیسی اور صوبہ میں 9انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے منصوبہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی نئی انڈسٹریل پالیسی صوبے کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔انڈسٹری پالیسی کے تحت5لاکھ کارکنوں کی استعداد کار بڑھائی جائے گی جس سے صنعتی شعبہ کو تجربہ کار اور پڑھے لکھے ملازمین دستیاب ہونگے انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی سے صوبہ بھر میں12لاکھ روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے جس سے صوبہ میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ صوبہ بھر میں صنعتوں کے فروغ کیلئے 10ہزار ایکڑ پر9صنعتی مراکز کے قیام سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور صوبہ بھر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ان انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئی صنعتوں کے قیام سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ سے ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی ۔