پشاور( ذیشان کاکاخیل)خیبرپختونخوا کی ماحولیاتی ٹیم نے کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے سرکاری دفاتر، ہسپتالوں،قرنطینہ سنٹرز اور گھروں کے لئے گائیڈ لا ئنز جاری کر دی ہیں۔گائیڈ لائنز کے مطابق سخت سطح پر 0.5فیصد کلورین کا محلول ہی استعمال کیا جائے گا ،ہاتھوں،کپڑوں اور دفاتر میں استعمال ہونے والے سامان کو جراثیم سے صاف رکھنے کے لئے 0.05فیصد کلورین کا محلول استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ہسپتالوں اور قرنطینہ سنٹرز میں کورونا وائرس سے متاثر ہ افراد کے زیر استعمال چیزوں کو انسینیریٹر کی مدد سے تلف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انسینیریٹر نہ ہونے پر 2فیصدکلورین کے محلول کا سپرے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،ماحولیاتی ٹیم نے گلیوں،محلوں اور سٹرکوں پر روازنہ سپرے کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسے انسانی ،جانوروں اور پودوں کے لئے نقصان دہ اور وسائل کا ضیاع قرار دیتے ہوئے روکنے کی سفارش کی ہے ،ماحولیاتی ٹیم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تھرمل فوگ سپرے کورونا کو مارنے کیلئے قطعاً موثر نہیں، گھروں میں بھی استعمال ہونے والے کیمیکل ملے سپرے کو روکا ، کسی بھی جگہ پر حفاظتی سپرے سے قبل فرش اور دیواروں کو سرف سے دھویا جائے جبکہ برقی آلات موبائل ،ٹیبلٹ،ریموٹ کنٹرول وغیرہ کی صفائی کے لئے 70فیصد الکوحل پیڈ زیا سپرے ،ہسپتالوں اور آئسولیشن وارڈز کی صفائی کے لئے 2فیصد کلورین محلول کا استعمال کیا جائے ۔