اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، این این آئی) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ آٹے اور میدہ پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، تاجروں کی ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ، شناختی کارڈ کی شرط واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انہوں نے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور ہر جگہ تاجروں نے شناختی کارڈ کی شرط واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا اگر حکومت شناختی کارڈ کی شرط واپس لے لے تو وہ باقی تمام ٹیکس شرائط قبول کرنے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا شناختی کارڈ کی شرط واپس لینے کے مطالبے کا کوئی جواز نہیں، وہ تمام افراد جو 500مربع گزگھر اور ایک ہزار سی سی گاڑی کے مالک ہیں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کریں۔علاوہ ازیں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شبر زیدی نے کہا بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کو سیکشن 114 کے تحت نوٹس ہو گا، بے نامی جائیدادوں کے معاملے پر مسائل بہت گہرے ہیں، آگے کوئی، پس پردہ کوئی اور ہے ، ہم سب معاملات سمجھتے ہیں۔ہمیں ڈیڈلاک نہیں پیدا کرنا، مسائل طریقے سے حل کرنے ہیں، اپنی کوشش میں کامیاب ہوگئے تو ٹھیک ورنہ اﷲ مالک ہے ۔