لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غیر ملکی دوروں پر شاہ خرچیاں ہوشربا ہیں،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ قومی \خزانے سے سیر سپاٹے کیوں کیے گئے ؟ ۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ آٹے یا گندم کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، عوام مہنگے داموں روٹی اور نان فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کریں، سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے رحیم یار خان میں اکبرایکسپریس کے حادثے میں 21افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔صوبائی وزیرنے اپنے دفتر میں تقریب میں مستحق صحافیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے ، پنجاب جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مد میں لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 34صحافیوں میں تقریباً 20لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ، پنجاب حکومت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے مالی امداد سمیت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،میڈیا ہاؤسز کو 60فیصد سے زیادہ واجب الادا رقوم ادا کی جا چکی ہیں۔