لا ہو ر (کر ائم ر پو ر ٹر )سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے تھانہ یکی گیٹ کی نوتعمیرشدہ عمارت کا دورہ کرکے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی اور محکمہ بلڈنگز کے افسروں نے بریفنگ دی۔ دو کنال سے زائد رقبے پر 3 منزلہ عمارت کا 75 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ سی سی پی او نے نئی عمارت کے نقشے اور تعمیراتی معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرکیٹیکچر نے عمارت میں جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر نہیں رکھا۔ عمارت میں روشنی اور ہوا کے گزر کا مناسب انتظام بھی نہیں۔ سی سی پی او کو بتایا گیا کہ عمارت کے داخلی حصے کے باہر دکانوں کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ حکم امتناعی خارج کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ تھانے کی عمارت شہریوں کی سہولت کے لئے تعمیر کی جارہی ہے لہذا ٹائلٹس کو کشادہ اور کمروں کے روشندانوں کا سائز بڑا کیا جائے ۔ ذوالفقار حمید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹھیکیدار ایک ہفتے کے اندر عمارت میں مطلوبہ تبدیلیاں کرے ۔