لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے پیش نظر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متحرک ہے ۔اس مقصد کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں، فلور ملز کے دورے کئے جا رہے ہیں۔ہر مل سے آٹا کوٹہ مارکیٹ میں سپلائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اﷲ رانجھا نے ایک مل کا دورہ کیا۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کے افسران اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف متحرک ہے ۔ سنگھ پورہ سبزی منڈی پر آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے کی اطلاع ملنے پراسسٹنٹ کمشنر شالامار نے کارروائی کی۔ آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے پر سٹور کے مالک کو گرفتار کرادیا ہے ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے لاہور کی تمام فلور ملوں کو چیک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر میں موجود 62 فلور ملوں کو چیک کیا جائے اورہر مل سے آٹا کوٹہ کی مارکیٹ میں سپلائی کو یقینی بنایا جائے ۔