اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ اس وقت کاروباری حالات سازگار نہیں ہیں جبکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں کافی کمی آ چکی ہے ایسے حالات میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے چھوٹے تاجروں کیلئے ٹریڈ لائسنس فیس میں کئی ہزار گنا اضافہ کر دیا ہے جو سراسر زیادتی ہے لہذا حکومت فوری طور پر کیا گیا اضافہ واپس لینے کے احکامات جاری کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری موجود نہیں جس کی وجہ سے کرایے بہت زیادہ ہیں اورکاروباری برادری کیلئے دیگر اخراجات بھی دوسرے شہروں کی نسبت کافی زیادہ ہیں لہٰذا ایم سی آئی کے اس اقدام سے چھوٹے تاجر بہت متاثر ہوں گے اور ملک میں جاری مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 25ہزار فیس کو بڑھا کر 24لاکھ کر دیا گیا ہے جو کسی بھی لحاظ سے مناسب نہیں ہے اور بالکل غیر منطقی ہے جبکہ کئی دوسرے کاروباروں کی لائسنس فیس میں بھی کئی ہزار گنا اضافہ کر کیا گیا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کی ڈسٹرکٹ میونسپل ایڈمنسٹریشن ذیلی کمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔