لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی چیئرمین پاکستان علماء کونسل و چیئرمین متحدہ بورڈ پنجاب علامہ طاہر محمود اشرفی کی رہائش گاہ گئے اور ان کی والدہ کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر اور چودھری راسخ الٰہی بھی موجود تھے جبکہ علامہ زبیر عابد، مولانا عثمان بٹ، مولانا اسلم صدیقی، صاحبزادہ عبدالقیوم فاروقی اور قاری عبدالحکیم اطہر بھی موجو د تھے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت، اہل بیت اور صحابہ پر ہمارا سب کچھ قربان ہے اس پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کر سکتے ۔ حافظ طاہر اشرفی نے چودھری پرویزالٰہی کو ناموس رسالت کے حوالے سے قانون سازی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی فیملی اس کام میں حصہ ڈالنے پر مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کو پنجاب اسمبلی میں ناموس رسالت کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ پنجاب بورڈ اسمبلی میں پاس ہونے والے بل اور توہین رسالت اور اینٹی پاکستان مواد شائع کرنے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت سزا کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔