کراچی(سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بولر ز کی شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گئی ۔مہمان ٹیم کے سکور 220رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 33بنالیے ۔میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 187رنز کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ اس کی ابھی 6وکٹیں باقی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیم کے کپتان کوئٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکااور پوری ٹیم 220 پر آئوٹ ہوگئی ۔ ڈین ایلگر ہی 58 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کے یاسر شاہ نے 3، شاہین شاہ اور نعمان علی نے دو دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ لی۔جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہوسکا اور اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ بالترتیب 4اور 9رنز بناکر ربادا کا شکار بن گئے ۔بابر اعظم7 اورنائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی صفر پر کلین بولڈ ہوگئے ۔ پہلے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو اظہر علی اور فواد عالم پانچ پانچ رنز بناکر کریز پر موجود تھے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے 2جبکہ مہاراج اور نورجے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔