لاہور( شوبز ڈیسک) سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے معاشرے کے اصلاح کے لئے آج جتنا کام کرنے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی ، سکولوں میں پرائمری تک سلیس اور امتحانات کا بوجھ ڈالنے کی بجائے تربیت پر زور دیا جائے اور اسی سے ہم ایک مہذب معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں نعمان اعجاز نے کہا کہ معاشرے میں ایک بھیڑ چال ہے ، ہم ایک دوسرے کو کچل کر آگے بڑھ جانا چاہتے ہیں جبکہ مہذب معاشروں میں ایسا نہیں ہوتا ۔ جہاں تک میر ا خیال ہے کہ ہم نے اپنی قوم کی مہذب معاشرے کے طو رپر تربیت ہی نہیں کی جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں ۔ کوئی کسی کو برداشت کو تیار نہیں اوراپنی رائے ٹھونسنا چاہتا ہے ، ملک میں صفائی ستھرائی کا ہم خیال نہیں رکھتے اور اسی طرح کی اور بہت سی برائیاں ہیں۔ ا نہوں نے کہا جو ہو چکا سو ہو چکا ہمیں اب اس طرف توجہ دینی چاہیے اور سکول جانے والے بچوں کی تربیت سے مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ۔