لاہور، پشاور، کوئٹہ ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار گیا ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لاہور میں آٹے کے بحران کے باعث تندور مالکان نے سادہ روٹی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد آج سے روٹی کی قیمت 10 روپے کئے جانے کا امکان ہے ، صدر نان بائی ایسوسی ایشن کہتے ہیں کہ 8 روپے کی روٹی کی قیمت بڑھانا مجبوری ہے ، ناقص کوالٹی آٹے کی 15 کلو کا تھیلا بھی 950 روپے سے تجاوز کر گیا جب کہ 860 روپے ملنے والا 20 کلو کا بیگ کہیں دستیاب نہیں ۔ گزشتہ 10 سال کے دوران روٹی کی قیمت 6 روپے پر ہی ٹکی رہی لیکن صرف رواں سال روٹی سمیت ہر شے کی قیمت میں کئی بار اضافہ ہو چکا ہے ، دوسری جانب پشاور میں بھی آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری پریشان ہیں اور استطاعت نہ رکھنے والے شہریوں کو سرکاری آٹے کے حصول کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے ۔ شہری شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی جمع کر کے 20 کلو کا تھیلا 860 روپے میں مخصوص ڈیلرز سے خریدتے ہیں، آٹا بحران کی صورتحال پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ آٹا ڈیلرز پنجاب سے آٹا مہنگے داموں ملنے کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔دکانداروں نے بتایا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1320جب کہ فائن آٹے کا تھیلا 1400 روپے میں فروخت کرتے ہیں جس سے وہ صرف 10 سے 15 روپے منافع کماتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری آٹے کا معیار بہتر اور کوٹہ دو گنا کیا جائے تاکہ وہ آسانی سے وقت ضائع کیے بغیر آٹا خرید سکیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دورہوگئیں،آٹاچینی،دالیں،سبزی اورگوشت سمیت کچھ بھی سرکاری نرخوں پردستیاب نہیں،سستے بازاربھی مہنگے ہوگئے ،دکاندارپرائس لسٹ سے بے پروا ہوگئے ،پرائس لسٹیں ہوامیں اڑادیں۔ پشاورمیں آلو40روپے سے جمپ لگاکر80روپے فی کلو تک پہنچ گیا،کوئٹہ میں مرغی کاگوشت 30روپے اضافے کیساتھ 270روپے فی کلوہوگیا،ایک درجن انڈے کی قمیت میں 10روپے اضافہ ہوگیا،بکرے کاگوشت سرکاری نرخ سے 400روپے فی کلواضافے پربکنے لگا،حیدرآبادمیں 10کلوآٹے کاتھیلا700روپے کاہوگیا۔روٹی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے آج تندور مالکان نے اجلاس طلب کرلیا ہے ۔حکومت 860 روپے میں معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائے ، فائن آٹے کی بوری 6 ہزار روپے پر چلی گئی۔