پشاور(خبر نویس؍ مانیٹرنگ ڈیسک؍ نیٹ نیوز) خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پرتاریخ میں پہلی بار پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے 2 ، اے این پی،تحریک انصاف،جے یوآئی (ف) نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کرلی، باقی 5 نشستوں پر آزاد، 3پر تحریک انصاف، 2 پر جماعت اسلامی، ایک پر جے یو آئی(ف) کو برتری حاصل ہے ۔رات گئے تک موصول ہونے والے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی کے 103مہمند ایجنسی سے عوامی نیشنل پارٹی کے نثار احمد مہمند نے میدان مار لیا،تحریک انصاف کے رحیم شاہ 8454ووٹ حاصل کرکے دوسر ے نمبر پر رہے ۔ پی کے 105خیبر 1 سے آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی،پی کے 106خیبر 2 سے آزاد امیدوار بلاول آفریدی،پی کے 108سے جے یوآئی (ف)کے محمدریاض،پی کے 111سے پی ٹی آئی کے اقبال خان کامیاب قرار پائے ۔ پی کے 100 باجوڑ 1 کے 104 میں سے 77 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے انور زیب خان 10916 ووٹ لے کر پہلے نمبر،جماعت اسلامی کے وحید گل 8529 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،پی کے 101 باجوڑ 2 کے 103 میں سے 60 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے صاحبزادہ ہارون الرشید 7005 ووٹ کے ساتھ پہلے ،تحریک انصاف کے اجمل خان 5734 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 102 باجوڑ 3 کے 131 پولنگ سٹیشنز میں سے 56 کے نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے سراج الدین 11101 ووٹ کے ساتھ پہلے ،آزاد امیدوار خالد خان 6931 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 104 مہمند 2 کے 108 میں سے 24 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عباس الرحمان 4958 ووٹ لے کر پہلے ،پی ٹی آئی کے سجاد خان 3432 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پی کے 107 خیبر 3کے 146 پولنگ سٹیشنز میں سے 100 کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار محمد شفیق 10139 ووٹ کے ساتھ پہلے ،آزاد امیدوار حمید اﷲ جان آفریدی 8250 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔پی کے 109 کرم 2 کے 130 میں سے 52 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے سید اقبال میاں 12589 ووٹ کے ساتھ پہلے ،آزاد امیدوار عنایت حسین 7816 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 110 اورکزئی کے 175 میں سے 103 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سید غازی غازن 11651 ووٹ کے ساتھ پہلے ،تحریک انصاف کے شعیب حسن 7294 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 112 شمالی وزیرستان 2 کے 102 میں سے 55 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار میر کلام خان 5559 ووٹ کے ساتھ پہلے ،جے یو آئی (ف) کے صدیق اﷲ 4033 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 113 جنوبی وزیرستان 1 کے 139 میں سے 23 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار وحید خان 3114 ووٹ کے ساتھ پہلے ،جے یو آئی (ف) کے حافظ اسلام الدین 2014 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 114 جنوبی وزیرستان 2 کے 98 پولنگ سٹیشنز میں سے 56 کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے نصیر اﷲ خان 6278 ووٹ کے ساتھ پہلے ،آزاد امیدوار محمد عارف 4952 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 115 سابقہ فرنٹیئر ریجنز کے 163 میں سے 38 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) کے محمد شعیب 5408 ووٹ کے ساتھ پہلے ،پی ٹی آئی کے عابد الرحمان 4738 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔قبل ازیں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ سٹیشن جبکہ صرف مردوں کیلئے 482 اور خواتین کیلئے مختص 376 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ۔ تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر فوج تعینات تھی جبکہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے اندر بھی فوج تعینات کی گئی۔تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنوں پر خوب گہماگہمی دیکھی گئی۔مجموعی طور پر الیکشن پرامن انداز میں منعقد ہوئے تاہم چند ناخوشگوار واقعات کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔الیکشن کمیشن کو شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکالے جانے کی شکایت موصول ہوئیں،جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں اچانک موبائل فون سروس بند کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں، تاہم الیکشن کمیشن نے ان شکایات کو بے بنیاد قرار دیا،پارا چنار میں پی کے 109 مردانہ پولنگ سٹیشن میں دو امیدواروں کے حامیوں میں ہاتھاپائی ہوئی جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے لاٹھی چارج کرکے انہیں پولنگ سٹیشن سے ہٹادیا،مہمند میں پی کے 103 کے زنانہ پولنگ سٹیشن کے قریب دو مخالف گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔کرم ایجنسی میں خواتین ووٹرز نے سکیورٹی کیمروں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا۔ترجمان الیکشن کمیشن چودھری ندیم قاسم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ووٹ ڈالنے کا عمل پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا اور اس دوران الیکشن کمیشن کو 4 شکایات موصول ہوئیں جو معمولی نوعیت کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر واٹس ایپ کے ذریعے نتائج ریٹرننگ افسر کو بھیجے گا، دور دراز علاقوں سے پریزائیڈنگ افسر خود جا کر آر او کو نتائج دے گا۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابی نتائج میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نے قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پرامن انتخابات کا انعقاد کرا کر پوری دنیا میں ثابت کر دیا کہ قبائلی عوام جمہوری سوچ کی پرامن قوم ہے ، جبکہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتخابی عملے ، سکیورٹی عملے اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ایک بیان میں قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق فاٹا کے عوام کیلئے یہ ایک تاریخی دن ہے ۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے انتخابات پر فاٹا کے عوام کو مبارک باددیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی فاٹا آئین کے فریم ورک میں مکمل طور پر شامل ہو جائیگا۔