اسلام آباد؍میانوالی؍کندیاں؍چشمہ( خبر نگار خصوصی، ڈسٹرکٹ رپورٹر؍نامہ نگاران ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن میں کمی آرہی ہے ۔نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا سعودی عرب اورچین نے معیشت کی بہتری کیلئے پاکستان کی مددکی، متحدہ عرب امارات نے ہر ضرورت پر پاکستان کے دوست کا کردار ادا کیا، آسان زندگی انسان کی موت ہے ، مشکل راستہ ہی ہمیں آگے لے کر جاتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا لیکن ہم غلط راستے پر چلے گئے ، ایک چھوٹا طبقہ امیر ہوگیا، ماضی میں سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا، اردو میڈیم سکولوں سے ملک کے دانشور تعلیم حاصل کرتے تھے ، آج اچھی تعلیم کے لئے انگریزی سکولوں اور علاج کے لئے نجی ہسپتالوں میں جانا پڑتا ہے ، ہمیں وہ ملک ملا جسے کنگال کر دیا گیا تھا، ہمارا فرض ہے کہ ترقی میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لایا جائے ، پسماندہ علاقوں پر پیسہ خرچ کرنے سے ملک ترقی کرتا ہے ، تمام صورت حال کے باوجود ہم 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرچکے ، ہر مہینے 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے اور خواتین کو خود کفالت کے لئے بھینسیں ، گائے اور مرغیاں دیں گے ۔اس سے قبل کندیاں میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تسلیم کیا کہ جو قدرتی وسائل ہمارے پاس ہیں ،مہنگائی نہیں ہونی چاہئے ،کبھی آٹا مہنگا ہو جاتا ہے تو کبھی سبزیاں۔انہوں نے کہا پاکستانی عوام کو جنگل کی اہمیت کا علم نہیں ، ہمارے بچوں اور نوجوانوں میں شجرکاری سے متعلق آگاہی نہیں ہے ، لوگوں نے جنگلات ختم کرکے زمینوں پر قبضے کرلئے ، ہم نے جنگل تباہ کئے تو موسمیاتی تبدیلی مستقبل تباہ کردے گی،جنگلات کے خاتمے کے ذمہ داراں کو صرف جرمانہ نہ کیاجائے بلکہ انہیں جیلوں میں ڈالا جائے ، ہمیں علم ہی نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کتنی نعمتوں سے نوازا ہے ، پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہئے ،یہ ہماری غلطی ہے ، پاکستان دنیا کو اناج دے سکتا ہے ، ملک میں اناج کبھی مہنگا نہیں ہونا چاہئے ۔وزیر اعظم نے کہا ہمارے ملک میں چھوٹے کرپٹ لوگوں کو پکڑا اور بڑے ڈاکوؤں کو چھوڑ دیاجاتا رہا ہے ، اس سے ملک میں کرپشن بڑی ہے ، بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں تو چھوٹے خود ہی ڈر جاتے ہیں، ہماری حکومت میں پہلی بار ہوا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالے جارہے ہیں، بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن میں کمی آرہی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آج کشمیرمیں خواتین کایوم مزاحمت ہے ، 7 دہائیوں سے بھارتی فوج کشمیری خواتین کیخلاف جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی، 5 اگست کے بعدکشمیری خواتین کی پریشانیوں میں کئی گنااضافہ ہوا،عالمی برادری اورخواتین سے کشمیری خواتین کی آوازبننے کی اپیل کرتاہوں۔