کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 19سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد خوش آئندہ اقدام ہے۔کوئی طاقت پاکستان اور بلوچستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی۔اس میں شبہ نہیں کہ ایک طویل عرصہ کے بعد بلوچستان میں کھیلوں کے انعقاد سے دنیا کو یہ مثبت پیغام گیا ہے کہ بلوچستان ایک پرامن صوبہ ہے۔ بلوچستان میں قیام امن میں پاک فوج کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جس کی کوششوں سے صوبہ میں کھیلوں کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ بلوچستان ایک زرخیز اور معدنی دولت سے مالا مال صوبہ ہے۔ اس کے وسائل کے استعمال کے حوالہ سے بلوچستان کے عوام کو جو شکایات رہی ہیں ان کے ازالہ کے لئے تمام سیاسی کوششیں بھی بروئے کار لائی جانی چاہئیں ۔اس کے وسائل کے صحیح استعمال سے ناصرف پسماندہ علاقوں کو ترقی دی جا سکتی ہے بلکہ ایسے اقدامات پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا موجب بھی بن سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ صو بہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اس کے وسائل کو صوبے کی ترقی اور اس کی پس ماندگی دور کرنے پر خرچ کیا جائے اور اس کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیںتاکہ بلوچ نوجوانوں کوکھیلوں کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوںکے اظہار کا موقع مل سکے۔