لاہور(نمائندہ خصوصی سے )ذمہ دار صحافت کا علم بردار روزنامہ92 نیوز 4 برس کا ہو گیاتاہم دنیا بھر کی طرح پاکستانی قوم کو درپیش کورونا کے چیلنج کے پیش نظر انسانیت کی تعظیم کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چوتھی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی کوئی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔ روزنامہ92 نیوز نے 10اپریل2017 ء کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا جو الحمدﷲ کامیابی سے جاری ہے ۔تمام تر مشکل ترین حالات کے باوجود قلم کی حرمت برقرار رکھتے ہوئے کڑوے سے کڑوا سچ تحریر کرتے ہوئے عوام الناس کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ہم خبر چھپاتے نہیں چھاپتے ہیں کے سلوگن کی ہر لحاظ سے آبیاری کی اورمسلسل تین سال کی اشاعت کے دوران ملک و قوم کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ، دین کی ترویج، ملک و قوم کو درپیش سیاسی ، سماجی مسائل کے حل کیلئے کام کیا۔ دین اسلام ، پاکستان اور امت مسلمہ پر اغیار کے حملوں، بہتانوں کو روکنے اور دفاع کی غرض سے ایڈیٹوریل صفحات پر شائع ہونیوالے پر اثر اور بے لاگ تجزیوں نے روزنامہ 92نیوز کو دیگر ہم عصر اخبارات کی صف میں معتبر ترین مقام پر لا کھڑا کیاہے ۔ روزنامہ 92نیوز کی رپورٹنگ ٹیم نے ہر آنیوالے دن کو نیاچیلنج سمجھتے ہوئے حکومتی ایوانوں سمیت ملکی اداروں، سیا سی و دینی جماعتوں کی بابت کھری، صاف ستھری اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے نئے رجحانات متعارف کرائے ۔ تین سالوں کے دوران لاتعدادخصوصی خبروں اور تجزیوں کی اشاعت کے بعد ان کی سچائی بھرپور اندا ز میں ابھر کر سامنے آئی۔روزنامہ92نیوز کے میگزین سیکشن نے بھی4 نئی جہتیں متعارف کرائیں جس سے روزنامہ 92نیوز گھر گھر میں خاندان میں بیٹھ کر پڑھا جانیوالا اخبار بن چکاہے ۔ روزنامہ92نیوز کے نیوز روم کے ہر صحافی نے نیک نیتی اور پروفیشنل اپروچ کا جو مظاہرہ گزشتہ 4 برسوں میں کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ کورونا وائرس کے سبب حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے روزنامہ92نیوز کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر کوئی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی تاہم جس طرح گزشتہ 4 برسوں میں قلم کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا اسی طرح آئندہ بھی نہیں کیا جائیگا۔