لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان ،پشاور (جنرل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) ملک میں کروناسے ایک اور مریض جان کی بازی ہارگیا جبکہ متاثرین کی تعداد 1201 ہو گئی۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ٹائون شپ کا 75 سالہ اکرم شاہ میں چند دن قبل کرونا کی تصدیق ہوئی تھی اور نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔کرونا وائرس سے لاہور میں دوسری جبکہ صوبے میں ابتک تین افرادہلاک ہوچکے ،ملک بھرمیں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد9ہو گئی۔ گزشتہ روزکرونا کے 121 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب85، بلوچستان 12، اسلام آباد 9، سندھ8 ، گلگت بلتستان 7، خیبر پختونخوا میں 2 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران 85 نئے کیس سامنے آئے ، صوبے میں کرونا کیسز کی تعداد408 ہوگئی ۔ملتان قرنطینہ سنٹر میں موجود 546 زائرین کی ٹیسٹ کی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو موصول ہو گئی ، 19 زائرین کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کر دیا گیا،749 زائرین کی رپورٹ آنا باقی ہے ۔ابتک ڈی جی خان میں207 اور ملتان میں19 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ۔ لاہورمیں 103، گجرات 22،جہلم 19،راولپنڈی 14 ، گوجرانوالہ 8، ملتان اورفیصل آباد میں 3،3، منڈی بہائوالدین 3،میانوالی میں2، نارووال ، رحیمیار خان ،سرگودھا ،اٹک اور بہاولنگر میں ایک ایک مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ دوسری جانب نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کا ڈاکٹر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگیا ، وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہونے پرسروسز ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر لیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب کے پاس اس وقت 3561ٹیسٹ کٹس موجود ہیں۔ رواں ہفتے مزید 6ہزار کٹس مل جائیں گی۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے شہر میں کرونا وائرس کی سکریننگ کیلئے 16 موبائل یونٹس چلا دئیے ۔ موبائل یونٹس کی 16 گاڑیاں شہر کی شاہراہوں پر موجود ہوں گی۔ اسلام آباد میں کرونا کے مزید 9 کیس سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ۔اسلام آباد میں کرونا کے مجموعی کیس 25 ہوگئے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا شہزاد ٹاؤن میں کرونا کا ایک اور کیس سامنے آیا جہاں لاہور سے آئے ایک شخص میں کرونا کی تشخیص ہوئی ۔ ضلعی انتظامیہ نے شہزاد ٹائون اور رمشا کالونی ایچ نائن کو سیل کردیا،علاقے کے دیگر افراد کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے ۔ کرونا سے متاثرہ برطانیہ پلٹ مبین اور اہلیہ کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی منتقل کرتے ہوئے ان کی فیملی کے سات دیگر ممبران کو گھر میں قرنطینہ کردیا گیا ۔ بینظیر بھٹو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں موجود دو ڈاکٹروں عمران ، منان ، تین شہریوں عرفان ، حسن اور اکرم وسیم کو بھی کرونا ٹیسٹ نیگٹو آنے پر ہ ڈسچار ج کرکے گھر بھجوادیا گیا ۔ سندھ میں 8 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 421 ہوگئی ۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید 7 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کراچی میں کیسز کی تعداد 153 ہوگئی جبکہ حیدرآباد سے بھی ایک کیس رپورٹ ہو ا۔حیدرآباد کا متاثرہ مریض برطانیہ سے آیا ۔بلوچستان میں مزید12 کیس سامنے آئے جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ۔محکمہ صحت کے مطابق 165 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔خیبر پختونخوا میں 2 کیس رپورٹ ہوئے ، صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 123 ہوگئی ۔صوبائی وزیرثقافت شوکت یوسفزئی کے مطابق شانگلہ کا 36سالہ عبدالباعث لاہورمیں جیولری کاکام کرتاتھا،21مارچ کولاہورسے گھرآیا،24مارچ کو ٹیسٹ کرایاجومثبت نکلا۔گلگت بلتستان میں بھی7 نئے کیسز مثبت آئے ۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے ۔ تمام 7 مریضوں کا تعلق سکردو سے ہے ۔میرپور میں ایک اور مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ۔ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا۔ایران سے مزید 26 پاکستانی تفتان پہنچ گئے ،سکریننگ کے بعد قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا۔ چین نے طبی ماہرین پاکستان بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ چین کے حکام کے مطابق پاکستان میں موذی وباپھیلنے کے فوری بعد روک تھام سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا گیا، ویڈیو کانفرنسز کے ذریعے اپنے تجربات سے آگاہ کیا ۔حکام کے مطابق پاکستان کو مزید طبی سامان بھیجنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے ، آئیسولیشن ہسپتال کی تعمیر میں بھی مدد کی جائے گی۔پنجاب اور گلگت بلتستان حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کردیا ہے ۔وزیر اطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے غریبوں کے راشن کیلئے 58کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں ۔ادھرپنجاب میں لاک ڈاؤن کے تیسرے روز صوبے بھر میں تجارتی سرگرمیاں معطل ر ہیں، شاہراہوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔کراچی سمیت سندھ میں چوتھے روز لاک ڈائون تھا۔ تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز ، پبلک ٹرانسپورٹ، انٹرسٹی بسیں اور ٹرین سروس بھی بندتھا۔دریں اثناء چین نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ آج ایک دن کیلئے دونوں ممالک کے درمیان خنجراب سرحد کھول دی جائے تا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے طبی اشیا پہنچائی جاسکیں۔چینی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا سنکیانگ کے کے گورنر طبی اشیا گلگت بلتستان کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔گورنر نے 2 لاکھ عام فیس ماسک، 2 ہزار این 95 فیس ماسک، 5 وینٹی لیٹرز، 2 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور 2 ہزار ڈاکٹروں اور طبی عملے کے استعمال میں آنے والے حفاظتی لباس عطیہ کیے ہیں۔