لاہور (رپورٹنگ ٹیم، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس مزید چار زندگیاں نگل گیا جبکہ متاثرین 2200سے تجاوز کر گئے ۔ ہلاکتیں لاہور، راولپنڈی، کراچی اورنوشہرہ میں ہوئیں۔لاہور میں کرونا وائرس سے متاثرہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔بادامی باغ کی رہائشی35 سالہ اسمہ کو تشویشناک حالت میں دو دن قبل میو ہسپتال لایا گیا ۔خاتون میں کورونا وائرس کی علامات پر ٹیسٹ کرایا جو پازٹیو آیا ۔خاتون جگر کے عارضے میں بھی مبتلا تھی۔ راولپنڈی میں83 سالہ مریض کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کرم داد جان برطانیہ سے آیا تھا اور راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں زیرِ علاج تھا۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں ہلاکت کی تصدیق کی۔ 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے اور سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے 19 مارچ سے ہسپتال داخل تھا ۔ ابتک پنجاب میں 11 جبکہ ملک بھر میں ہلاکتیں30 ہوگئیں،82 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ملک میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 189 کیس رپورٹ ہوئے ،متاثرین کی تعداد2222ہو گئی جبکہ 85مریض صحتیاب ہوچکے ۔پنجاب 137،سندھ 33، بلوچستان 10، گلگت بلتستان 6، آزاد کشمیرمیں 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب میں کنفرم کیسز کی تعداد845 ہو گئی ۔ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد، رائیونڈ قرنطینہ سنٹر میں کورونا وائرس کے 416 ، لاہور 178، گجرات 90، راولپنڈی 51، جہلم 28، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 13، سرگودھا 10،فیصل آباد 9،ڈی جی خان،حافظ آباد 5،5، منڈی بہاؤالدین 4، بہاولنگر ، رحیمیار خان ،میانوالی 3،3، نارووال ،ملتان ،وہاڑی ، لودھراں 2،2، خوشاب، بہاولپور، لیہ، اٹک، قصور میں ایک ایک مریض ہے ۔پنجاب میں16061 مشتبہ افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کراچی میں کورونا کے 33نئے کیس رپورٹ ہوئے ، صوبے میں متاثرین کی تعداد 709 تک پہنچ گئی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچو ہوکے مطابق کراچی میں 307 کورونا مریض زیرعلاج ہیں، سندھ میں مزید 3مریض صحتیاب ہوگئے ،صحتیاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد55ہوگئی۔بلوچستان میں مزید 10 کیس رپورٹ ہوئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔صوبے میں مجموعی کیس 164 ہوگئی ۔بلوچستان میں صوبائی وزیرکے بیٹے اور وزیراعلی ہائوس کے ملازم کاکوروناٹیسٹ مثبت آگیا۔ چارسدہ میں میاں بیوی میں کوروناکی تصدیق ہوگئی جس کے بعد علاقہ سیل کر دیا گیا۔گلگت بلتستان میں مزید 6 کیس سامنے آئے ،سرکاری پورٹل کے مطابق کیسز کی مجموعی تعداد184 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں مزید3 کیس سامنے آئے ، کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کورونا وائرس سکریننگ کیمپ قائم کیا ہے ۔کیولری گراؤنڈ میں موبائل یونٹ پر ٹیسٹ جاری ہیں۔ ابتک 525 لوگ کیمپ پر سکریننگ کیلئے آئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم سکریننگ کیمپ کو مانیٹر کر رہی ہیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم، ڈی سی لاہور دانش افضال، سی سی پی او ذوالفقارحمید، ڈی آئی جی رائے بابر،رینجرز نے رائیونڈ میں شٹل دورے کیے ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا رائیونڈ میں جگہ جگہ کلورین سپرے کو یقینی بنایا گیا ہے ،داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا گیا،رائیونڈ کی آبادیوں میں سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا اورشہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران خوراک اور ادویات کی کوئی قلت نہ ہو گی۔ 1000 خاندانوں میں 10 روز کا راشن تقسیم کیا گیا ہے جبکہ 600 مستحق افراد میں پکا ہوا کھانا بھی تقسیم کیا گیا ، 900 سے زائد افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنزرائے بابر سعید نے کہا سکیورٹی کے تناظر میں رائیونڈ سٹی کو 4سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ شہریوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے 5سو سے زائد پولیس جوان تعینات کئے گئے ہیں۔اجلاس میں حکومت اور تبلیغی مرکز کی شوریٰ کی طرف سے معاملے پر بہتر اشتراک کار کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تبلیغی جماعت کے رہنمائوں نے کہا کورونا سے لڑنا مشترکہ کاز ہے ، حکومتی کوششوں کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔وز ارت ہیلتھ سروسز نے کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے باعث نئی ایڈوائری جاری کر دی ۔تمام وفاقی ہسپتالوں کی او پی ڈی سروس تاحکم ثانی بند رہے گی۔ پاکستان ریلوے نے فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر بھی قرنطینہ سنٹر قائم کردیا۔ قرنطینہ سنٹر میں نو مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہوگی۔دریں اثنا کو رونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات سے بیس ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور تیس کاٹن سینیٹائزر پاکستان پہنچ گئے ۔ متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستان کو کو رونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امداددینے کا دینے کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں 20 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور 30 ڈبے سینیٹائزر پاکستان پہنچ گئے ۔ سفارتخانے کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کیلئے جلد مزید بڑی کھیپ پاکستان پہنچے گی ۔ دوسری طرف سعودی عرب کے ادارہ عالم اسلامی کی جانب سے پاکستان میں کورونا وائرس وبا کی روک تھام کیلئے طبی سامان کاعطیہ دیاگیا ۔اس حوالے سے گزشتہ روزیہاں اسلام آبادمیں تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نور الحق قادری ،سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی نے شرکت کی ۔تقریب میں رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے کوروناوباکی روک تھام کیلئے طبی سامان تھرمل سکینر گنز، ماسک، ٹیسٹنگ کٹس، سینٹائزرز اور دیگر سامان قومی ادارہ صحت کے ڈائریکٹرجنرل کے سپردکیاگیا۔اس موقع پروفاقی وزیرپیرنورالحق نے خطاب میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جب وبا کی وجہ سے ساری دنیا کو اپنی اپنی پڑی ہے ، سعودی عرب کی جانب سے امداد کسی نعمت سے کم نہیں ۔سعودی سفیر نواب بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت گزر جائے گا، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔