لاہور ( کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپنے گھر کی چھت دینے کا وعدہ پورا کررہے ہیں،باقی عہد بھی نبھائیں گے ۔ موضع ہلوکی میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے سنگ بنیادکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کے حکمران مزدور کے گھر نہیں،محض باتیں بناتے تھے ،غریب کیلئے اپارٹمنٹ نہیں، اپنے لئے بڑے بڑے قلعے اور محلات بناتے تھے ۔ ماضی کے حکمران کسی کو چھت نہیں دے سکے لیکن لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کو دھوکہ دینے کے ماہر تھے ۔ عمران خان نے غریب، مزدور،چھوٹے ملازم اور عام دکاندارکیلئے اپنے گھر کا ویژن دیا۔ آج ہم اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اس قابل ہیں کہ وزیراعظم کا50لاکھ گھروں کا ویژن عملی شکل اختیار کررہا ہے اور یہ اس وعدے کی تکمیل کی طرف واضح قدم ہے ۔ ایل ڈی اے اورپاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے موضع ہلوکی لاہور میں ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں 35 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے اور پہلے فیز میں 4ہزار فلیٹ کی تعمیر کے منصوبے کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا۔اپنی چھت کی خواہش رکھنے والے محض ڈیڑھ سال کی قلیل مدت میں اپنے گھر کے مالک ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھر کیلئے محض10فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، 5سال سے 20سال تک کی مدت میں قسطیں ا دا کی جائیں گی۔ کرائے جتنی رقم ماہانہ قسط کے طورپر ادا کر کے کوئی بھی شخص گھر کا مالک بن سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کا معیار کسی بھی اعلیٰ نجی سکیم سے کم نہیں ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ صرف یہی نہیں بلکہ پنجاب بھر میں کم آمدن والے لوگوں کو گھر فراہم کرنے کیلئے پیری اربن لوکاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کی 32تحصیلوں میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 10 ہزار سے زائدگھر بنائے جا رہے ہیں۔حکومت پاکستان ہر گھر کیلئے 3لاکھ روپے سبسڈی او رکم سود پر قرضہ فراہم کرے گی۔ میرا پاکستان میرا گھر ایسا ویژن ہے جس کے تحت نہ صرف لاکھوں خاندان اپنے گھر کے خواب کو پورا کر سکیں گے بلکہ لاکھوں ہنرمندوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ ہم اپنے وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم بڑھا چکے ہیں،انشاء اللہ ہر وعدہ نبھائیں گے اور حقیقی ترقی و خوشحالی لائیں گے ۔تقریب میں وزرا،ارکان اسمبلی، متعلقہ حکام اوردیگر شریک تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجا ب نے برطانوی شہزادے پرنس فلپ کے انتقال پر اظہارافسوس کیا ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کلاسیکی گائیک استاد مبارک علی خان ،رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کے والد کے انتقال پر بھی گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔