کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی طیارہ سانحہ پر ملک دوسرے روز بھی سوگ میں ڈوبا رہا ، 97شہد ا کے ڈی این اے مکمل کر لئے گئے ، شناخت کے بعد کئی شہدا کی تدفین کر د ی گئی ، پی آئی اے نے شہدا کے ورثا کیلئے فی کس 10لاکھ اور زخمیوں کیلئے 5لاکھ فی کس امداد کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے میجر شہریار، ان کی اہلیہ اور 2 بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، مسجد علی میں کور کمانڈر کراچی ہمایوں عزیز سمیت سینکڑوں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی نماز جنازہ بھی گلبہار میں ادا کر دی گئی۔ خاتون ندا وقاص اور وقاص طارق ایک سال قبل لاہور منتقل ہوئے تھے ، میاں، بیوی کی شناخت ہوگئی تاہم بچوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے سیمپل لے لیا گیا ہے ۔ سینئر صحافی انصار نقوی کے بیٹے شاہ زیب انصار کے مطابق میرے بابا اب اس دنیا میں نہیں رہے ،ہمارے خاندان کیلئے بڑا سانحہ ہے ،گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر غلام سرور نے سینئر صحافی انصار نقوی کے گھر جاکر اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کی اہلیہ سابق رکن سندھ اسمبلی رعنا انصار سے تعزیت کا اظہار کیا۔سانحہ میں 3 گھریلوخادمائیں بھی جھلس کر زخمی ہو ئی ہیں ۔ پی آئی اے پرسر فرید احمد کی لاش کو اہل خانہ نے شناخت کرلیا۔لاہور سے تعلق رکھنے والے فرید احمد کو بہنوئی نے شناخت کیا ہے ۔ فرید کی شناخت سبز ٹائی اور وردی کی مدد سے کی گئی۔ بد قسمت جہازکے کیپٹن سجاد گل اور فلائٹ پرسر فرید چو دھری کی میتیں لاہور پہنچ گئیں،دونوں کی نماز جنازہ لاہور ائیرپورٹ پر ادا کی گئی بعد ازاں میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل ، ڈسٹرکٹ مینیجر لاہور سلیم اللہ شاہانی اور پی آئی اے ملازمین نے شرکت کی۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجرز خود لواحقین کے گھر جا کے ادا کریں گے ۔ وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے طیارہ حادثے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا،حادثے کی وجوہات سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے ، طیارہ حادثے میں کوتاہی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا۔ غلام سرور خان نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ طیارہ حادثہ کی جگہ کا دورہ کیا اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ کہا کہ کوشش ہوگی 3 ماہ میں رپورٹ آجائے ، این ڈی ایم اے کی ٹیم لاہور سے کراچی آچکی اور کام کر رہی ہے ، ہر گھر کی مرمت اور بحال کرنے کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی، گاڑیوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا،شہیدہونے والوں کے لواحقین کو10 لاکھ روپے زخمیوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے ، اصل رقم جو انشورنس کی ہے وہ 50 لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے ، ہماری کوشش ہوگی کہ اس کو بھی جلد ازجلد متاثرہ خاندانوں تک ان کا حق پہنچایا جائے ، پوری کوشش ہوگی نتائج جلد سے جلد سامنے رکھے جائیں، کوشش ہوگی جلد سے جلد دونوں انکوائریز کی رپورٹ عوام، پارلیمنٹ کے سامنے لائی جائیں، وعدہ کرتاہوں کہ جلد از جلد رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی ، وزیر اور چیف ایگزیکٹو کے خلاف ذمہ داری ثابت ہوجاتی ہے تو استعفیٰ دے کر ہم خود کو احتساب کے لیے پیش کریں گے ، ایئربس بنانے والی فرانسیسی حکومت کی کمپنی بھی تحقیقات کررہی ہے ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ کا جائزہ لیا اس میں تباہی کے مقابلے میں کم نقصان ہونا معجزے سے کم نہیں ہے ،واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات ہونگی،وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے اب تک 19 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی جاچکی ہیں اور 97 میتوں کے ڈی این اے لیے جاچکے ہیں،ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے ۔ وہ ناصر حسین شاہ اور مرتضی وہاب کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہی تھیں ۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ طیارے کی زد میں آکر 19مکانات متاثر ہوئے ، دس گاڑیاں اور تین موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات سے میراکوئی تعلق نہیں ہوگا،تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کرینگے ،21لاشیں ورثاکے حوالے کردی گئی ہیں،تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کاتعین ہوگا،حکومتی ٹیم جوبھی ریکارڈمانگے گی ہم دینگے ،مجھ سمیت جو بھی حادثے کا ذمہ دار ہوا، احتساب کیلئے پیش ہوگا۔ جبکہ طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی، تحقیقاتی ٹیم نے جہاز کی لاگ بک، بلیک باکس، کوئیک ایکسیس ریکارڈر طلب کرلیا، پی آئی ے انجینئرنگ اینڈ مینٹی ننس ڈیپارٹمنٹ نے تباہ جہاز کی ایگزیکٹو سمری جاری کر دی، بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس بھجوایا جائیگا۔