پشاور(سٹاف رپورٹر،صباح نیوز،این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب کے نوٹس آنا شروع ہوگئے ہیں لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ، یہ وہ جمہوریت نہیں جس کیلئے کارکنوں نے کوڑے کھائے ، یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہم ملک میں شفاف انتخابات تک نہیں کراسکتے ،ہم نے اسلئے آزادی نہیں حاصل کی کہ کٹھ پتلی کے غلام بنیں،1988سے لے کر 2018 تک ہر الیکشن میں دھاندلی ہوتی رہی، آج پاکستان میں عوام آزاد ہیں نہ صحافت ۔ دہشت گرد کل بھوشن یادیو کا انٹرویو ٹی وی پر چل سکتا ہے لیکن آصف زرداری کا انٹرویو نہیں چل سکتا۔یہ عجیب حکومت ہے کہ برطانیہ کا شہری بھی کابینہ کا رکن ہے ۔ سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ،یہ گھبرائی ہوئی حکومت ہے ، ہمارے جلسے کے اعلان سے کٹھ پتلی ڈر گیا۔ پشاورمیں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی برسی 27 دسمبر کو راولپنڈی میں منائیں گے ۔ ذوالفقار بھٹو کو راولپنڈی میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ راولپنڈی میں بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔ بینظیر اور ذوالفقار بھٹو نے عوامی راج کیلئے شہادت قبول کی۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر 2018 میں بھی صاف و شفاف انتخابات نہیں کراسکتے تو کس قسم کی جمہوریت ہے ۔سلیکٹیڈ حکومت ہر محاذ پر فیل ہوچکی ہے ۔یہ حکومت چلا سکتے ہیں نہ معیشت یہاں تک کہ ایک نوٹیفکیشن بھی ٹھیک سے جاری نہیں کرسکتے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور ملک میں حکمرانی ہوگی تو عوام کی حکمرانی ہوگی۔ پیپلز پارٹی حکومت کے بعدکوئی حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکی اور کسانوں سمیت عوام کے معاشی، معاشرتی، سیاسی اور بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کیاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن اور رہنما بہادر ہیں اور نیب کے کسی نوٹس سے نہیں ڈرتے کیونکہ ہم نے ایوب، ضیاء اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا ،موجودہ وزیراعظم تو کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ ہے ۔موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کا ستیاناس کردیا،عوام کے معاشی حقوق سلب کیے جارہے ہیں، صوبے کے حقوق چھینے جارہے ہیں اور کراچی پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی یہ حکومت گرے گی اور عوامی حکومت بنے گی اور عوام کے مسائل حل کریگی۔ کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کا سودا کردیا، کوئی غیرت مند پاکستانی ان کو معاف نہیں کرسکتا ۔