لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الفطر مسلمانوں کیلئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے ۔کورونا کے غیر معمولی حالات کی وجہ سے یہ عید غیر معمولی ہے ۔کورونا کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ی اور تنگ دستی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں،عید پر انہیں مت بھولیں۔ کورونا کے باعث قوم کو آزمائش کا سامنا ہے ۔ اس بار کورونا اور طیارہ حادثے کی وجہ سے عید سادگی سے منائی جا رہی ہے ۔کورونا اور طیارہ حادثے کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے غم میں پوری طرح شریک ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے ملاقات کی جس میں کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پرکہا کہ پتہ نہیں کورونا کب ختم ہوگا؟وبا ء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات اورعلاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں محمود الرشیداور ملک انور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے کراچی میں طیارے کے حادثے میں زخمی ہونے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔