اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پرپاکستان کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کل رونما ہونے والے المناک طیارہ حادثے اور انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے اﷲ تعالی سے جاں بحق ہونے والوں پر اپنے لا متناہی کرم اور جنت الفردوس اورجاں بحق ہونے والوں کے عزیز و اقربااور دوستوں کے لیے صبر اور حوصلہ کی دعا بھی کی۔او آئی سی سیکریٹری جنرل نے قرآن پاک کی اس آیت کا حوالہ بھی دیا کہ ہم سب اﷲ کی طرف سے آئے ہیں اور انہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے ۔ وزیر خارجہ نے اظہار تعزیت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے حالیہ ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں، چوتھے جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبائکی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ وادی میں جاری لاک ڈاون کو مزید سخت کردیا، جعلی مقابلوں اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑمیں کشمیریوں کو بہیمانہ جبروتشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے ، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور دیگر اقدامات میں اضافہ ہو چکا ہے ۔ بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال مسلمانوں کے خلاف نسلی تعصب، نفرت اور اسلام مخالف اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے کوئی نیا فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین مظالم جانچنے کے لئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت اور پاکستان (یو۔این۔موگپ)، او آئی سی، عالمی مبصرین کو موقع پر جا کر صورت حال کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے ۔وزیر خارجہ نے گذشتہ روز سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطے اور اس ضمن میں ہونیوالی گفتگو سے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو آگاہ کیا۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ کو او آئی سی کی جانب سے مکمل معاونت کا یقین دلایا۔وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی پر زور اور غیر متزلزل حمایت پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا ۔