لاڑکانہ(92نیوز)چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعجاز بلوچ اور ضلع صدر افضل جان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اب بلوچستان میں بھی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع ہوگئی ہیں، بلوچستان حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ وفاقی پارٹی کو نشانہ بناکر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے ، انتقامی کارروائیوں کے ذریعے پیپلز پارٹی کی جدوجہد کو روکنے والے ناکام ہوں گے ، جھوٹا مقدمہ واپس اور انتقامی کارروائی میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے ۔ ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم کورونا وباء کے ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں، قوم سے اپیل ہے عید سادگی سے منائیں۔ عید ڈاکٹرز، نرسز، ہیروز اور شہداء کے نام کردیں، جو آپ کی حفاظت کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، نماز عید حکومتی ایس او پیز کے مطابق ادا کریں، انہوں نے کہا کہ اپنا تحفظ کرکے نہ صرف عوام خود کی جان بچاسکتے ہیں بلکہ نظام صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھاسکے ۔