بالوں کا گرنا شدید پریشانی اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ آلودگی ، اسٹریس اور صاف پانی کی عدم فراہمی بالوں کے گرنے کے اہم وجوہات ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف عناصر مثلاً متوازن غذا کی کمی ، جلد پر الرجی ، ہارمونز کا عدم توازن ، بالوں کی نشوونما کا نہ ہونا بالوں کے گرنے کا سبب بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اکثریت افراد بالوں سے متعلق مسائل سے دوچار ہیں تاہم ان مسائل کو متوازن خوراک کے استعمال اور ان اجزاء کو بالوں پر لگا کر حل کیا جاسکتا ہے۔ 

اگر گھریلو ٹوٹکوں کی بات کی جائے تو گرتے بالوں کی صحت کے لیے ایلوویرا سے بہتر کچھ نہیں۔ ایلوویرا میں کثرت سے پروٹیولائیٹک اینزائمز موجود ہوتے ہیں جو سر کی جلد کے خلیات کی نشوونما کے لئے ضروری ہیں۔ یہ ہیئر فولیکلز میں سے بالوں کی بڑھوتری میں مدد دیتے ہیں جس سے نہ صرف بالوں کی لمبائی بلکہ والیوم میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ایلوویرا بہترین کنڈیشنر کے طور پر بھی عمل کرتا ہے اور بالوں کو نرم اور چمکدار بناتا ہے۔ یہ بالوں کی نشوونما کے ساتھ ساتھ جلد پر موجود خشکی اور کھجلی کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔ ایلو ویرا جوس پینے اور بالوں میں لگانے کے لیے ایک اچھا ٹانک ہے۔ 

دو چائے کے چمچ تازہ ایلوویرا جیل لے کر اسے اچھی طرح پھینٹ لیں یہاں تک کہ وہ یک جان ہوجائے۔ اب انگلیوں کے پوروں کی مدد سے اسے سر کی جلد پر مساج کریں۔ پانچ سے سات منٹ مساج کرنے کے بعد بیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ اور پھر نیم گرم پانی سے بال دھولیں۔ آپ ایلوویرا کا جوس پیئیں یا اسے سر پر لگائیں دونوں صورتوں میں آپ کو بہت  جلد بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔

٭…٭…٭