مکرمی ! دنیا بھر میںکرونا وائرس کی تباہ کاریاں پوری طرح جاری ہیں۔ اب تک186ملکوں میں اس وائرس نے خونی پنجے گاڑ دئیے ہیں۔پوری دنیا میں 276,007 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس میں سے11,401 لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ ہر طرف خوف و ہراس ہے۔ عبادت گاہیں بند، مارکیٹیں بند، شہر کے شہر سنسان، اٹلی ہو یا ایران، انڈیا ہو یا امریکہ، لندن ہو یا پیرس ہر جگہ ہو کا عالم ہے۔ کئی ملکوں میں لاک ڈائون ہے تو کہیں کرفیو کا نفاذ کردیا گیا ہے۔ بڑی طاقتوں میں لفظی جنگ بھی چھڑ چکی ہے۔ملک عزیز میں پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا۔حالانکہ پورے 2 ماہ سے ہم چین کی صورتحال سے بھی آگاہ تھے۔ مگر اس پھیلتے ہوئے عفریت سے ہم نے آنکھیں بند کئے رکھیں۔دوسرے لفظوں میں پاکستان کو جانبدار خارجہ پالیسی کی نذر کردیا۔ا بھی وقت ہے کچھ کرنے کا۔ بہتر ہو گا حکومت اس عفریت سے نمٹنے کے لیے قومی فنڈ قائم کرے ۔ مجھے امید ہے کہ غیرسرکاری ملازمین اور تاجر پیشہ افراد بھی اس فنڈ میںدل کھول کر عطیات جمع کرائیں گے۔اللہ ہم سب کو اس آفت کا مقابلہ کرنے اور بخیر و عافیت اس سے نکلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (سید جعفرشاہ کاظمی)